سرکاری آٹا

سستے سرکاری آٹا کے نام پر شہریوں کو چھان بھورا کی فروخت

ویب ڈیسک : پشاور کے مختلف علاقوں میں سرکاری آٹا کے نام پر فلور ملز سے چھان بھورا اور چوکر شہریوں کو فروخت کرنے کا سلسلہ عام ہوگیا ہے جی ٹی روڈ اور چارسدہ روڈ کی مختلف فلور ملز سے سپلائی کیا جانیوالا آٹا استعمال کے قابل نہیں اور گھروں پر اس سے روٹی پکانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے مذکورہ آٹا غیر قانونی طور پر مارکیٹ میں بھی دیگر آٹا سے ملاکر مارکیٹ نرخ پر فروخت کی شکایات ہیں تاہم محکمہ خوراک کی جانب سے ایکشن نہیں لیا جارہا ہے
واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ بھر میں سستا آٹا کی فراہمی کیلئے فلور ملز سے معاہدہ کئے گئے ہیں اور یہ آٹا روزانہ کی بنیاد پر آبادیوں میں تقسیم کیا جارہا ہے اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں آٹا ڈیلرز کو بھی سرکاری آٹا فروخت کرنے کا پرمٹ دیا گیا ہے جہاں پر یہ آٹا1295روپے پر فروخت کیا جارہا ہے 20کلو کے اس تھیلے میں فروخت ہونیوالا آٹا انتہائی گھٹیا درجے کا ہے سرخ رنگ کا یہ آٹا اصل میں چھان بھورا ہے جس سے گھروں پر روٹیاں پکانا مشکل ہوگیا ہے۔
اور اس کا ذائقہ بھی کھانے والا نہیں اس لئے شہری مذکورہ آٹا کے ساتھ سفید آٹا یا معدہ بھی ساتھ خریدنے پر مجبور ہیں دوسری جانب یہ مضر صحت اور ناقص آٹا نانبائیوں کو بھی فروخت کیا جارہا ہے جس کی روٹیاں بناکر شہریوں کو فروخت کی جارہی ہیں اس سلسلے میں مسلسل شکایات کے باوجود محکمہ خوراک کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  الیکشن کمیشن، آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم