پشاور میں چینی اور آٹا

پشاور میں چینی اور آٹا کی قیمتوں میں پھر اضافہ شروع

ویب ڈیسک: پشاور میں آٹا اور چینی کی ایک ماہ سے بھی کم وقت کے لئے قیمتیں نسبتاً مستحکم رہنے کے بعد دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔ 1500 روپے اضافہ کے ساتھ چینی کی 50 کلو بوری کی قیمت 5 ہزار روپے سے بڑھ کر ساڑھے 6 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد چینی پرچون میں 130 روپے تک جبکہ ہول سیل میں چینی 120 روپے تک فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ اس سے قبل چینی 115 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی۔ چینی کی بوری کی قیمت میں 1500 روپے اضافہ کے ساتھ ہی فی کلو قیمت میں 15 روپے تک اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 130 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ پشاور میں اشرف روڈ، رام پورہ، سبزی منڈی، فقیر آباد، پیپل منڈی اور شہر کے دوسرے مقامات پر ڈیلرز نے پرانے سٹاک کو نئی قیمتوں پر فروخت کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
دوسری جانب چینی کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے مٹھائیوں اور بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ ادھر 80 کلو آٹا کی بوری کی قیمت میں 800 روپے جبکہ 20 کلو آٹا کی بوری کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔ تاجروں کے مطابق فنانس ایکٹ نافذ ہونے کے ساتھ ہی چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ پنجاب میں گندم کی قیمت میں اضافہ کے ساتھ ہی پشاور میں آٹا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ رمضان کے بعد پنجاب سے آٹا کی ترسیل کی اجازت دے کر 80 کلو اور20 کلو آٹا کی بوری کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی تھی لیکن اب دوبارہ سے قیمتیں بڑھنا شروع ہوگئی ہیں۔
مارکیٹ میں 80 کلو آٹا کی بوری کی قیمت 10 ہزار 6 سو روپے سے بڑھ کر ساڑھے 11 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ سپیشل مکس 20 کلو آٹا کی بوری 2 ہزار 650 سے بڑھ کر 2 ہزار 850 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ 20 کلو فائن آٹا 2 ہزار 950 روپے اور سپیشل چکی آٹا 150 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔ آٹا کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی پشاور میں نانبائیوں نے روٹی کا وزن 120 گرام کی بجائے 80 اور 90 گرام تک گرا دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں 6 مئی تک توسیع